اسلام آباد (جانب منزل نیوز ) اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج پراجیکٹ کا دورہ کیا، کام کی سست رفتار پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افرادی قوت اور مشینری بڑھانے کے احکامات جاری کر دیے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ موجودہ رفتار سے منصوبہ اگلے چھ ماہ میں بھی مکمل نہیں ہو سکتا، ایک مشین اور چند ورکرز سے کام نہیں چل سکتا، اس رفتار سے 31 دسمبر تک منصوبے کی تکمیل کسی صورت ممکن نہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے منصوبے پر پیش رفت کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کر لی، محسن نقوی نے کہا کہ سات روز بعد دوبارہ دورہ کرکے کام کی رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔منصوبے میں انٹرچینج، انڈر پاسز، پل اور مارگلہ روڈ کو موٹروے سے ملانے کے مختلف تعمیراتی کام شامل ہیں۔





