ننکانہ صاحب (جانب منزل نیوز) بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اختتام پذیر ہو گئیں۔ اختتامی تقریب میں سیاسی، مذہبی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی اور سکھ مذہب کے امن، محبت، رواداری اور مساوات کے پیغام کو اجاگر کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا سکھ قوم سے محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے، جسے ہمیشہ نبھاتے رہیں گے، سکھ مذہب کے مقدس مقامات پاکستان کے سانجھے ورثے کا حصہ ہیں، جبکہ اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان نے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کسی سکھ یاتری کا ویزہ مسترد نہیں کیا جائے گا، پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کے تحفظ، بحالی اور یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی کے لیے پرعزم ہے۔
صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان سکھ قوم کے لیے مقدس سرزمین کی حیثیت رکھتا ہے، بھارت کرتارپور راہداری فوری کھولے تاکہ سکھ یاتری اپنے مقدس مقام کی زیارت کر سکیں۔
تقریبات کے دوران متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے یاتریوں کے لیے رہائش، کھانے پینے، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات اور سکیورٹی سمیت بہترین انتظامات کیے گئے۔ حکام کے مطابق پاکستان میں تاریخی گوردواروں کی بحالی اور اقلیتوں کے مذہبی ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔





