لاہور (جانب منزل نیوز) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے قومی اتحاد، ملکی سلامتی اور مسلح افواج کی حمایت کا دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام ہر چیز سے مقدم ہے، پوری قوم دفاع وطن کے لیے متحد ہے۔
پنجاب یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ دشمن پاکستان میں انتشار اور تقسیم پیدا کرکے ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے، تاہم اتحاد، اتفاق اور یکجہتی سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر سازش کا مقابلہ قومی اتحاد سے کیا جائے گا۔ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف بھی قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین پوری امت مسلمہ کا مرکز اور عقیدت کا محور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مساجد پر حملے اور بے گناہ انسانوں کا قتل کرنے والوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، اسلام امن، محبت اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔





