کراچی (جانب منزل نیوز) پاکستان کے ایل پی جی شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کارگو پورٹ قاسم پہنچ گیا، ریکارڈ گیس کارگو اینگرو ووپاک ٹرمینل پر لنگر انداز ہونے کے بعد ایل پی جی کی درآمد کے نئے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں ایل پی جی شعبے میں اصلاحات کے تحت پہلے بڑے کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سپیشل سیکریٹری پٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سپیشل سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کی ہدایات پر عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، 15 ہزار میٹرک ٹن کا ریکارڈ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی درآمد میں اضافے سے مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر بنانے اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی، جبکہ موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی بھی بہتر ہو سکے گی۔
حکام کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی کی درآمد میں حصہ نہیں لے رہی تھیں، تاہم نئے نظام کے تحت حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد متوقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہونے اور صارفین کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔
ای وی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹو عمار شاہ نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ایل پی جی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
تقریب میں ایم ڈی ایس ایل ایل جواد علی خان، سرمد اسلم ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا اور اینگرو ٹرمینل کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔





