لاہور (جانب منزل نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر بات کرنا غیر آئینی نہیں، حقِ حکمرانی عوام کا ہے اور اگر عوام کسی معاملے پر اپنی رائے دے دیں تو منتخب نمائندے بھی ان کے فیصلے کے سامنے پیچھے رہ جاتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے ریفرنڈم اور نئے صوبوں کے حوالے سے مختلف افواہیں اور چہ میگوئیاں جاری تھیں۔ کتاب میلے میں ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا تھا کہ ریفرنڈم ایسا عمل ہے جس میں عوام براہ راست اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ مئی 2012 میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد منظور کی گئی، اس کے بعد پنجاب اسمبلی سے مزید دو قراردادیں بھی منظور ہوئیں۔ سوال یہ ہے کہ ایک صوبے کی تقسیم کی حمایت اور دوسرے صوبے میں اسی معاملے کی مخالفت کیسے کی جا سکتی ہے؟ 2012 کی اسمبلی اپنی مدت مکمل کر چکی ہے، لہٰذا اس کی منظور کردہ قراردادوں کی موجودہ آئینی حیثیت پر بھی بحث ہونی چاہیے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر دو مختلف مؤقف اختیار نہیں کیے جا سکتے، اگر ایک صوبے کی تقسیم کی بات ہو سکتی ہے تو دوسرے صوبے کے حوالے سے گفتگو پر پابندی کیوں؟ انہوں نے آرٹیکل 48 کی شق 3 کی تشریح پر بھی کھل کر بحث کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ صرف سیاسی نہیں بلکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم، غربت، عوامی مسائل اور گورننس سے بھی جڑا ہوا ہے۔ صوبوں کے قیام سے متعلق فیصلے سیاسی جماعتوں کی قیادت کی صوابدید پر ہوتے ہیں۔
27ویں آئینی ترمیم اور بلاول بھٹو زرداری کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اس ترمیم کو میثاقِ جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا قرار دیا تھا۔ اب ان کی گزشتہ پارلیمانی تقاریر اور حالیہ پریس کانفرنس کے مؤقف کا جائزہ بھی لیا جانا چاہیے۔
9 مئی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ 29 چھاؤنیوں کو جلانا سیاسی حق کیسے ہو سکتا ہے؟ ایسے واقعات کو سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ ایک طے شدہ منصوبہ سمجھتا ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبوں کی تشکیل پر آئینی اور سیاسی بحث ہونی چاہیے اور اس معاملے کو مختلف سیاسی جماعتوں کے متضاد مؤقف کی بجائے عوامی مفاد، آئینی تقاضوں اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔





