اسلام آباد (جانب منزل نیوز) پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث ایک بار پھر گرم ہوگئی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کردیا کہ صوبوں کی تشکیل کا فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم کرا لیا جائے، عوام نئے صوبے نہیں چاہتے تو انہیں نہ بنایا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو نئے صوبوں کے حوالے سے عوامی سروے کا جائزہ لینا چاہیے، کیونکہ سروے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے ریفرنڈم کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی رائے ہی اس معاملے میں فیصلہ کن ہونی چاہیے۔
سیاسی نظام میں اصلاحات کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ملک میں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت پر بات کی ہے، جبکہ ان کی ذاتی رائے بھی یہی ہے کہ تمام معاملات کو ازسرنو درست کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ان کی اور بلاول بھٹو کی سوچ ایک جیسی ہے۔
محسن نقوی نے کرپشن کے معاملے پر بھی دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بدعنوانی موجود ہے، جہاں کرپشن ہو اسے تسلیم کرکے درست کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا کے 6 سے 7 ساتھیوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، تاہم مولانا کو کوئی نوٹس نہیں بھیجا گیا۔
بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں قانون کے مطابق حاصل تمام حقوق فراہم کیے جائیں گے۔





