دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں فن، تخلیق اور ثقافتی ہم آہنگی کا شاندار امتزاج دیکھنے میں آیا، نیشنل بینک آف فجیرہ نے اپنے پانچویں این بی ایف آرٹ پرائز 2025-26 کے فاتحین کا اعلان کردیا۔ اس سال مقابلے کا موضوع ’’ہم یہاں سے تعلق رکھتے ہیں‘‘ رکھا گیا، جس کے ذریعے فنکاروں نے شناخت، اپنائیت، باہمی روابط اور مشترکہ تجربات کو رنگوں اور تخلیقی شاہکاروں میں ڈھالا۔
مقابلے میں متحدہ عرب امارات بھر سے 1200 سے زائد فن پارے موصول ہوئے، جن میں سے 20 بہترین تخلیقات کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ جاوید اندلیب نے اپنے فن پارے ’’شیئرڈ گراؤنڈ‘‘ کے ذریعے پہلی پوزیشن حاصل کرکے 10 ہزار درہم کا انعام اپنے نام کرلیا۔
جیمز میتھیوز نے کائٹ سرفرز (ابوظہبی) کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی اور 5 ہزار درہم جیتے، جبکہ شما السویدی اپنے فن پارے ’’ٹرانزینٹ بینگ‘‘ کے ذریعے تیسری پوزیشن حاصل کرکے 3 ہزار درہم کی حقدار قرار پائیں۔
تقریب میں عامر طابہ اور عمران علی خان کو خصوصی اعزازی انعامات سے نوازا گیا، دونوں فنکاروں کو 2، 2 ہزار درہم دیے گئے۔ فجیرہ سے تعلق رکھنے والی فنکارہ موروارید ارجمند کو بھی ان کے فن پارے ’’اسٹل لائف اِن نیونز‘‘ پر خصوصی انعام اور 2 ہزار درہم ملے۔
این بی ایف کے چیف ایگزیکٹو عدنان انور کا کہنا تھا کہ مقابلے میں 1200 سے زائد فن پاروں کی شرکت متحدہ عرب امارات کی فنکار برادری کے غیر معمولی تخلیقی تنوع اور صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ بینک فن کے ذریعے معاشرتی روابط اور اجتماعی وابستگی کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
فاتحین کا اعلان دبئی کے السرکل ایونیو میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا، جبکہ 20 منتخب فن پاروں کی نمائش 12 سے 18 نومبر تک عوام کے لیے جاری رہے گی۔ نمائش میں آنے والے افراد مختلف فنکاروں کے منفرد تخلیقی زاویوں اور متحدہ عرب امارات کے متنوع معاشرتی رنگوں کو قریب سے دیکھ سکیں گے۔





