شارجہ (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اَرادہ گروپ کے ذیلی ادارے اَرادہ کیپٹل نے سرمایہ کاری پلیٹ فارم عالیہ (Alya) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس اشتراک کے تحت یو اے ای اور سعودی عرب میں جدید، پریمیم رہائشی اور ملٹی یوز منصوبے تیار کیے جائیں گے۔
مجوزہ تعاون کے ابتدائی مرحلے میں دو بڑے رہائشی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جن کی مجموعی متوقع ترقیاتی مالیت تقریباً 6 ارب درہم ہوگی۔ یہ شراکت داری خطے کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کرنے کے ساتھ اعلیٰ معیار کی رہائش کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں اَرادہ گروپ کا وسیع ترقیاتی تجربہ اور عالیہ کی ادارہ جاتی سرمایہ کاری و منصوبہ بندی کی مہارت یکجا ہوگی۔ عالیہ کو عالمی سرمایہ کاری اداروں بروک فیلڈ اور لونیت کی حمایت بھی حاصل ہے۔
مجوزہ منصوبوں کے لیے دبئی کا ڈاؤن ٹاؤن اور ابوظہبی کا یاس آئی لینڈ بھی زیرِ غور ہیں۔ تاہم ان منصوبوں پر حتمی پیش رفت ضروری جانچ پڑتال، تجارتی معاہدوں اور متعلقہ منظوریوں سے مشروط ہوگی۔





