امریکا (جانب منزل نیوز) نیویارک کے علاقے بروکلین میں تین منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے کے دلخراش واقعے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہوگئی، جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے۔ عمارت گرنے کے ایک روز بعد بھی ملبے سے مزید متاثرین کی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری رہا۔
نیویارک کے علاقے فلیٹ بش میں پیش آنے والے اس المناک حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ تقریباً 250 فائر فائٹرز اور امدادی کارکن ملبے کے ڈھیروں میں زندگی کی تلاش میں مصروف ہیں۔ امدادی اہلکار جدید آلات، آریوں اور تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے ملبہ ہٹا رہے ہیں تاکہ کسی ممکنہ زندہ شخص تک پہنچا جاسکے۔
ریسکیو کارروائی کے دوران ایک خاتون کو ملبے میں بنائے گئے راستے سے زندہ نکال لیا گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے حادثے کو انتہائی مشکل اور تیزی سے بدلتی صورتحال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملبے کے نیچے خطرناک خلا اور غیر مستحکم ڈھانچے کے باعث امدادی اہلکاروں کو انتہائی احتیاط سے کام کرنا پڑ رہا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق عمارت کے ساتھ واقع خالی پلاٹ پر نئی تعمیر کے لیے کھدائی جاری تھی، تاہم عمارت گرنے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
حادثے کے نتیجے میں ملحقہ عمارت کی دیوار بھی متاثر ہوئی اور اندرونی کمروں کا حصہ نمایاں ہوگیا۔ دوسری جانب شہر میں بارش کی پیش گوئی کے باعث ریسکیو سرگرمیوں کو مزید مشکلات پیش آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔





