دبئی ( جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں بچوں کی زندگیوں کو سڑک حادثات سے محفوظ بنانے کے لیے ٹریفک قوانین مزید سخت کردیے گئے، یکم جنوری 2027 سے چار سال اور اس سے کم عمر بچوں کے لیے گاڑی میں مخصوص چائلڈ سیفٹی سیٹ رکھنا لازمی ہوگا۔
نئے وفاقی ضوابط کے تحت بچوں کی سیفٹی سیٹ گاڑی کی پچھلی نشست پر نصب کرنا ہوگی، جبکہ سیٹ کا انتخاب بچے کے وزن اور قد کے مطابق کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔ حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی سیٹ قابل قبول نہیں ہوگی۔
نئے قانون کے مطابق دس سال سے زیادہ عمر یا کم از کم 145 سینٹی میٹر قد رکھنے والے بچے فرنٹ سیٹ پر بیٹھ سکیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں شرائط بیک وقت پوری کرنا ضروری نہیں، عمر یا قد میں سے کوئی ایک شرط پوری ہونا کافی ہوگا۔
حفاظتی تحقیق کے مطابق مناسب چائلڈ سیفٹی سیٹ حادثات میں بچوں کی اموات کا خطرہ 71 فیصد تک جبکہ زخمی ہونے کے امکانات 82 فیصد تک کم کرسکتی ہے۔
حکام نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ گاڑی میں چائلڈ لاک فعال رکھیں، غیر محفوظ اشیا کو مناسب طریقے سے محفوظ کریں اور بچوں کو کسی بھی صورت بند گاڑی میں تنہا نہ چھوڑیں۔





