ابوظہبی (جانب منزل نیوز) جنگ کے بدلتے ہوئے انداز، جدید ہتھیاروں اور پیچیدہ ہنگامی حالات نے طبی شعبے کے لیے بھی نئے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں، ایسے میں مصنوعی ذہانت فوجی طب کے مستقبل کی اہم ضرورت بنتی جا رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ملٹری میڈیسن کی 46ویں عالمی کانگریس کا انعقاد اسی بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی ایک اہم کوشش ہے، جہاں دنیا بھر کے ماہرین اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زخمیوں کی بروقت تشخیص، فوری علاج اور انسانی جانوں کے تحفظ کو کس طرح مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
کانگریس میں 120 سے زائد ممالک کے 2 ہزار سے زیادہ شرکا شریک ہیں۔ 60 سے زائد نمائشی پلیٹ فارمز، 300 سے زیادہ مقررین اور 700 سے زائد طبی تحقیقی خلاصے اس عالمی اجتماع کو جدید طبی تحقیق اور تجربات کے تبادلے کا ایک اہم مرکز بنا رہے ہیں۔ منتظمین کے مطابق کانگریس کے وزیٹرز کی تعداد بھی 12 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان اسٹاف کرنل ڈاکٹر مبارک ناصر العامری کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات طبی عملے کو جدید ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور جدید مہارتوں سے لیس کر رہا ہے تاکہ طبی فیصلے پہلے سے زیادہ تیزی اور درستگی کے ساتھ کیے جا سکیں۔ ان کے مطابق فوجی طب میں اس پیش رفت کا براہِ راست فائدہ مریضوں کی جلد تشخیص، فوری علاج اور بہتر طبی نگہداشت کی صورت میں سامنے آئے گا۔
کانگریس میں محمد بن زاید یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ماہرین بھی خصوصی لیکچرز دے رہے ہیں، جن میں ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت کو فوجی طب کا حصہ بنانے کے امکانات پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ جدید مشینیں اور ٹیکنالوجی معاون ضرور ہیں، لیکن ان کی کامیابی کا انحصار تربیت یافتہ اور باصلاحیت انسانی عملے پر ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر عبداللہ الحمّودی کے مطابق جدید جنگی ٹیکنالوجی کے ساتھ طبی ضروریات بھی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں۔ اب طبی عملے کو صرف اسپتالوں میں نہیں بلکہ میدانِ جنگ اور دیگر خطرناک مقامات پر بھی پیچیدہ زخموں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھنا ہوگی۔
اسی مقصد کے تحت کانگریس کے آغاز سے قبل خصوصی ورکشاپس منعقد کی گئیں، جن میں کیمیائی، حیاتیاتی، تابکاری اور جوہری مواد سے متاثرہ افراد کے علاج، بڑے پیمانے پر زخمیوں کی دیکھ بھال، شدید خون بہنے کو روکنے، جلنے کے زخموں کے علاج اور ایکس رے و الٹراساؤنڈ کے ذریعے میدانِ جنگ میں طبی امداد فراہم کرنے کی تربیت دی گئی۔
کانگریس میں اس امر کو بھی نمایاں کیا گیا کہ قومی سطح پر طبی تیاری صرف فوجی اداروں تک محدود نہیں رہ سکتی۔ سویلین اسپتالوں، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تیاری بھی قومی ہنگامی نظام کا بنیادی حصہ ہے۔ حکام کے مطابق مشترکہ مشقوں، تجربات کے تبادلے اور مربوط طبی حکمت عملی کے ذریعے کسی بھی بڑے حادثے، قدرتی آفت یا ہنگامی صورتِ حال میں زیادہ مؤثر انداز سے انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔
وزارتِ دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ کانگریس کی کامیابی صرف بڑی تعداد میں شرکا کی موجودگی سے نہیں بلکہ ان سفارشات، شراکت داریوں اور عملی اقدامات سے جانچی جائے گی جو اس عالمی اجتماع کے بعد بھی جاری رہیں گے۔





