دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی میونسپلٹی کے کردار، اختیارات اور ذمہ داریوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے قانون نمبر 18 برائے 2026 جاری کر دیا۔ نئے قانون کا بنیادی مقصد دبئی کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ، جدید اور پائیدار شہر بنانا اور شہریوں و رہائشیوں کے معیارِ زندگی کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔
نئے قانون کے تحت دبئی میونسپلٹی کو پورے امارت میں اپنے اختیارات استعمال کرنے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے، جس میں خصوصی ترقیاتی زونز اور فری زونز، بشمول دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر بھی شامل ہیں، تاہم مخصوص قانونی استثنا اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
قانون کے تحت دبئی میں جدید شہری منصوبہ بندی، سرسبز مقامات، خوبصورت پارکس، عوامی تفریحی مراکز اور عالمی معیار کی سہولیات کو فروغ دیا جائے گا تاکہ شہر کو رہائش، کاروبار اور سیاحت کے لیے مزید دلکش بنایا جا سکے۔
میونسپلٹی کو جدید انفراسٹرکچر کی ترقی، کچرے کے مؤثر اور مربوط انتظام، وسائل کے بہتر استعمال اور تعمیراتی شعبے میں جدید عالمی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ عوامی صحت، شہریوں کی سلامتی اور خوراک کے تحفظ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنانا بھی نئے قانون کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
نئے قانون کے تحت نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری، نئے معاشی مواقع کی تخلیق، عوامی خدمات میں بہتری اور عالمی شہروں و حکومتی اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو بھی وسعت دی جائے گی۔
قانون میں دبئی میونسپلٹی کے انتظامی ڈھانچے، ڈائریکٹر جنرل کی تقرری، مالی وسائل، نگرانی اور معائنہ کرنے کے اختیارات کو بھی واضح کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کی تقرری دبئی کے حکمران کے فرمان کے ذریعے ہوگی اور وہ دبئی ایگزیکٹو کونسل کے سامنے جواب دہ ہوں گے۔
یہ نیا قانون 1961 میں دبئی میونسپلٹی کونسل کے قیام سے متعلق حکم نامے کی جگہ لے گا اور سرکاری گزٹ میں اشاعت کے روز سے نافذ العمل ہوگا۔
دبئی میں شہری سہولیات، ماحول دوست منصوبہ بندی اور جدید انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کا یہ اقدام امارت کو مستقبل کے کامیاب اور پائیدار شہروں میں مزید نمایاں کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔





