ممبئی (جانب منزل نیوز) بولی وڈ کی معروف اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر نے اپنے دلکش انداز سے ہندی سینما کے سنہری دور کی یادیں تازہ کردیں۔ اداکارہ نے 77 سال پرانے کلاسک گیت ’میرے پیا گئے رنگون‘ پر پرفارمنس دے کر پرانی فلموں کے مداحوں کو خوبصورت یادوں کے سفر پر روانہ کردیا۔
ارمیلا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بلیک اینڈ وائٹ ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ روایتی لمبے کرتا، اسکرٹ، بڑے جھمکوں اور ماضی کے فلمی انداز سے متاثر ہیئر اسٹائل میں دکھائی دیں۔ ان کا ونٹیج انداز کلاسک سینما کی دلکشی کو ایک بار پھر زندہ کرتا نظر آیا۔
اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں بلیک اینڈ وائٹ فلموں، پرانے ہندی گانوں اور ان سے جڑی یادوں سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ ان کی اس پیشکش نے مداحوں کو ہندی فلمی موسیقی کے سنہری دور کی یاد دلا دی۔
واضح رہے کہ ’میرے پیا گئے رنگون‘ 1949 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پتنگا‘ کا مقبول گیت ہے، جسے سی رام چندرا اور شمشاد بیگم نے اپنی آواز دی تھی، جبکہ موسیقی بھی سی رام چندرا نے ترتیب دی تھی۔





