دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے اسمارٹ ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک اور بڑا قدم اٹھا لیا۔ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے امارت کے تمام ٹریفک سگنلز کو اگ آئی سے منسلک کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ذریعے ٹریفک کی صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے کر سگنلز کو خودکار انداز میں کنٹرول کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت دبئی کے تمام ٹریفک سگنلز کو البرشا کے مرکزی ٹریفک کنٹرول سینٹر سے منسلک کیا جائے گا، جس کا کام 2027 کے آغاز تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی گاڑیوں کی نقل و حرکت، سڑکوں پر رش اور ممکنہ ٹریفک رکاوٹوں کا پیشگی تجزیہ کرکے ٹریفک کی روانی بہتر بنائے گی۔
نظام میں پہلے سے نصب کیمروں اور جدید ٹریفک مینجمنٹ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔ مصنوعی ذہانت گاڑیوں کی تعداد اور رفتار کے مطابق سگنلز کے اوقات تبدیل کرے گی، تاکہ غیر ضروری انتظار کم اور سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کیا جا سکے۔
دبئی آر ٹی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد ہاشم بہروزیان کے مطابق اس منصوبے سے ٹریفک سگنلز پر بھیڑ میں کم از کم 10 فیصد کمی متوقع ہے۔
دبئی آر ٹی اے کی نئی مصنوعی ذہانت حکمت عملی میں 41 شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ٹرانسپورٹ منصوبہ بندی، عوامی خدمات، مالیاتی امور، کنٹریکٹس اور دیگر انتظامی سرگرمیوں میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہری اور رہائشی ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید سمیت متعدد روزمرہ خدمات مصنوعی ذہانت کے معاونین کی مدد سے حاصل کر سکیں گے۔
آر ٹی اے کے زیرِ انتظام 150 ارب درہم سے زائد مالیت کے اثاثوں کی نگرانی بھی مصنوعی ذہانت کے ذریعے بہتر بنائی جائے گی۔ اس نظام سے اثاثوں کی مانیٹرنگ اور کوریج موجودہ سطح سے پانچ گنا تک بڑھانے کا ہدف ہے۔
حکام کے مطابق مصنوعی ذہانت کی حکمت عملی سے سالانہ 300 ملین درہم سے زائد اضافی معاشی قدر پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ آئندہ دو برس میں 50 فیصد سے زیادہ آپریشنز اور خدمات کو اے آئی اسسٹنٹ نظام پر منتقل کرنے کا منصوبہ ہے۔





