شارجہ (جانب منزل نیوز) علم و ادب کے متوالوں کے لیے شارجہ میں کتابوں کی دنیا آباد ہوگئی، 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کا شاندار آغاز ہوگیا۔ دنیا کے 126 ممالک سے 3 ہزار 212 ناشرین اور نمائش کنندگان شریک ہیں، جبکہ 17 لاکھ سے زائد کتابیں میلے کی رونق بڑھا رہی ہیں۔
ایکسپو سینٹر شارجہ میں 4 سے 15 نومبر تک جاری رہنے والے میلے میں 106 عالمی شہرت یافتہ مہمانوں کی شرکت اور 1500 سے زائد فکری، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کتابوں کی رونمائی، علمی نشستیں اور پینل مباحثے شرکا کے لیے خصوصی کشش رکھتے ہیں۔
رواں سال سلطنتِ عمان کو مہمانِ خصوصی قرار دیا گیا ہے۔ 50 رکنی عمانی وفد، جس میں 41 معروف ادیب اور شعرا شامل ہیں، اپنی ثقافت، تاریخ اور ادبی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرائے گا۔ مراکشی محقق ڈاکٹر سعید یقطین کو سال کی ثقافتی شخصیت کا اعزاز دیا گیا ہے۔
پاکستانی شیف کوثر راجہ روایتی پاکستانی پکوانوں کے خصوصی سیشنز میں شریک ہیں، جہاں پاکستانی ذائقوں اور ثقافت کو عالمی شرکا کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔
زائرین کی آسانی کے لیے دبئی کے اتصالات میٹرو اسٹیشن اور عجمان سے ایکسپو سینٹر شارجہ تک خصوصی بسیں اور مفت شٹل بوٹ سروس فراہم کی گئی ہے۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر علم، ادب اور ثقافت کے فروغ کے ساتھ دنیا بھر کی تہذیبوں کو قریب لانے کا ایک اہم پلیٹ فارم بن گیا ہے۔





