دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی کے معروف الحبتور پولو اینڈ ایکوسٹرین کلب میں منعقدہ ہیلووین کپ 2026 میں مہران پولو ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سبسڈری فائنل جیت لیا۔ تین روزہ ٹورنامنٹ میں چار ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوئے، تاہم مہران پولو نے عمدہ حکمت عملی اور ٹیم ورک کی بدولت میدان مار لیا۔
مہران پولو نے سبسڈری فائنل میں ٹی وی سی-پی بی ایس کو 7-5 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ ٹیم کی قیادت دانیال ہاشمی نے کی، جبکہ طارق الحبتور، شیخہ عالیہ المکتوم اور سانتوس اریارٹے نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
مقابلے کا سب سے نمایاں لمحہ طارق الحبتور کی شاندار کارکردگی رہی، جنہوں نے پہلے ہی چکر میں تین گول اسکور کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ان کے جارحانہ کھیل نے مہران پولو کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
کپتان دانیال ہاشمی نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی محنت، باہمی تعاون اور بہترین حکمت عملی فتح کی بنیادی وجہ بنی۔
ٹیم کے کھلاڑی سانتوس اریارٹے نے بھی کامیابی کو پوری ٹیم کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے بھرپور محنت کی۔
معروف بزنس مین اور چیئرمین مہران گروپ، سینیٹر گل محمد لاٹ نے مہران پولو کی کامیابی پر ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میدان میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ٹورنامنٹ کے مرکزی فائنل میں الحبتور پولو نے بیلگریویا بیت پولو کو شکست دے کر چیمپئن ٹرافی جیت لی۔ اختتامی تقریب میں فاتح ٹیموں کو ٹرافیاں پیش کی گئیں، جبکہ ہاکون بوئڈ کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔





