ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں کھانے کے شوقین افراد کے لیے خوش ذائقہ تفریح کا اہتمام کر لیا گیا، ابوظہبی کا مقبول فوڈ فیسٹیول ’ٹیسٹ آف ابوظہبی 2026‘ 13 سے 15 نومبر تک یاس آئی لینڈ کے گیٹ وے پارک نارتھ میں منعقد ہوگا۔
تین روزہ میلے میں 16 خصوصی فوڈ اسٹالز کے ذریعے جاپانی، اطالوی، ایرانی، بھارتی، لبنانی، یونانی، تھائی اور ہسپانوی کھانوں سمیت دنیا بھر کے منفرد ذائقے پیش کیے جائیں گے۔ اس سال دو نئے ڈائننگ تصورات 99 | Tanjun اور La Broche by Bocuse بھی پہلی مرتبہ فیسٹیول میں متعارف ہوں گے۔
فیسٹیول کی رونق بڑھانے کے لیے معروف شیفس جینو ڈی ایکامپو، تھامس اسٹراکر اور ریچل ایلن سمیت کئی عالمی ماہرینِ پکوان شرکت کریں گے۔ شرکا کو لائیو کُکنگ شوز، شیفس کے خصوصی سیشنز اور عملی ورکشاپس میں حصہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔
تقریب میں اوپن فائر کُکنگ، تازہ پاستا بنانے اور کافی تیار کرنے کی ورکشاپس بھی منعقد ہوں گی، جبکہ بچوں کے لیے کینڈی لینڈ زون میں کھیلوں، جھولوں اور تخلیقی سرگرمیوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
فیسٹیول کے ٹکٹ 80 درہم سے شروع ہوں گے، جبکہ 185 درہم کا ٹیسٹر پیکیج اور 350 درہم کا وی آئی پی پیکیج بھی دستیاب ہوگا۔ 12 سال سے کم عمر بچوں کا داخلہ مفت ہوگا۔
’ٹیسٹ آف ابوظہبی 2026‘ میں عالمی کھانوں، تفریح اور خاندانی سرگرمیوں کا امتزاج شہریوں اور سیاحوں کو ایک ہی مقام پر مختلف ثقافتوں کے ذائقے چکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔





