دبئی (جانب منزل نیوز ) دبئی میں ڈرائیونگ کرنے والوں کے لیے یکم نومبر سے ٹریفک قوانین میں اہم تبدیلی ہونے جارہی ہے، شہر کی پانچ مصروف شاہراہوں پر رفتار کی نئی حدیں نافذ کی جائیں گی، جس کے بعد کہیں سفر کی رفتار تیز ہوگی تو کہیں ڈرائیورز کو رفتار کم رکھنا ہوگی۔
نئے فیصلے کے تحت العسیل اسٹریٹ پر رفتار کی حد 60 سے بڑھا کر 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کردی جائے گی، جبکہ المستقبل اسٹریٹ اور لطیفہ بنت حمدان اسٹریٹ پر گاڑیوں کو 60 کے بجائے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب الرباط اسٹریٹ پر رفتار کی حد 100 سے کم کرکے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ اور شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح اسٹریٹ پر 80 سے گھٹا کر 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کردی جائے گی۔
روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے مطابق نئی رفتار کی حدود کے لیے سڑکوں پر اسپیڈ لمٹ کے بورڈ تبدیل کیے جائیں گے جبکہ ٹریفک ریڈار بھی نئے ضابطوں کے مطابق اپ ڈیٹ ہوں گے۔ تبدیلیاں متعلقہ شاہراہوں کے مخصوص حصوں پر دونوں سمتوں میں لاگو ہوں گی۔
دبئی میں متعدد بڑی شاہراہوں پر ریڈار کی نگرانی کی حد عموماً مقررہ رفتار سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ زیادہ ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد والی سڑک پر ریڈار تقریباً 101 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر خلاف ورزی ریکارڈ کرسکتا ہے، تاہم یہ اضافی حد رفتار بڑھانے کی قانونی اجازت نہیں۔
متحدہ عرب امارات میں تیز رفتاری پر خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق 300 سے 3 ہزار درہم تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ سنگین خلاف ورزی پر 23 بلیک پوائنٹس اور گاڑی 60 روز تک ضبط کرنے کی سزا بھی مقرر ہے۔
ڈرائیورز کے لیے ضروری ہے کہ یکم نومبر سے نئے اسپیڈ لمٹس کو پیش نظر رکھیں، خصوصاً ان شاہراہوں پر جہاں رفتار کی حد کم کی جارہی ہے، کیونکہ چند کلومیٹر کی لاپروائی بھی بھاری جرمانے کا سبب بن سکتی ہے۔





