دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں آن لائن فراڈ اور دھوکا دہی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں، جہاں 2026 میں فراڈ کی رپورٹوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ دبئی پولیس کے مطابق 25 سے زائد سرکاری اور نیم سرکاری ادارے شہریوں کو فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے آگاہی مہم میں شریک ہیں۔
’’بی اویئر آف فراڈ‘‘ مہم کے تحت شہریوں کو جعلی پیغامات، مشکوک آن لائن سرگرمیوں اور ذاتی و مالی معلومات چرانے کی کوششوں سے خبردار کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے دبئی پولیس کے افسران کلب میں ’’اویئر فیملی اینٹی فراڈ فورم‘‘ بھی منعقد کیا گیا، جس میں سائبر سکیورٹی ماہرین اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
دبئی پولیس کے کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے کہا کہ دھوکا دہی کی روک تھام صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے اداروں اور شہریوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
پولیس حکام کے مطابق دو سال قبل قائم کیا گیا خصوصی انسدادِ فراڈ مرکز مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی، شکایات کے تجزیے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں بہتری لا رہا ہے۔
فورم میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والے جرائم، جعلی ملازمتوں کی پیشکش اور آن لائن مالی دھوکا دہی سے بچاؤ کے طریقوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
دبئی پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی اور بینکنگ معلومات کسی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں، مشکوک لنکس سے گریز کریں اور فراڈ کی کسی بھی کوشش کی فوری طور پر سرکاری ذرائع سے اطلاع دیں۔




