دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں دیوالی 2026 کی تقریبات کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ روشنیوں کے اس تہوار کے موقع پر دبئی میں بالی ووڈ نائٹس، روایتی بھارتی کھانوں، موسیقی، ثقافتی پرفارمنسز اور دلکش روشنیوں سے سجی متعدد تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اس سال دیوالی 8 نومبر کو منائی جائے گی۔
گلوبل ولیج میں 6 سے 10 نومبر تک خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا، جن میں 600 ڈرونز پر مشتمل فضائی شو، موسیقی، کھیلوں اور روایتی بھارتی کھانوں سے شرکا لطف اندوز ہو سکیں گے۔ گلوبل ولیج کے داخلہ ٹکٹ ہفتے کے عام دنوں میں 25 درہم جبکہ ہفتہ وار تعطیلات پر 30 درہم مقرر کیے گئے ہیں۔
سٹی میکس ہوٹلز میں 3 نومبر کو بنگو نائٹ اور 5 نومبر کو بالی ووڈ کوئز منعقد ہوگا، جبکہ موون پک ہوٹل اپارٹمنٹس ڈاؤن ٹاؤن دبئی میں 7 نومبر کو خصوصی بوفے، بھارتی مٹھائیوں، رنگولی اور دیگر تہوار کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
سوق السیف میں ’’نور: فیسٹیول آف لائٹس‘‘ کے تحت 7 اور 8 نومبر کو موسیقی، ڈھولچیوں اور ثقافتی پرفارمنسز پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مختلف ریسٹورنٹس میں خصوصی دیوالی مینیو، فیملی ڈائننگ اور بہترین لباس پہننے والوں کے لیے دلچسپ سرگرمیاں بھی رکھی گئی ہیں۔
دیوالی کو روشنیوں کا تہوار کہا جاتا ہے، جو اچھائی کی برائی پر فتح کی علامت ہے۔ دبئی میں ان تقریبات کا مقصد تہوار کی خوشیوں کو فروغ دینا اور مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک ساتھ جشن منانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔




