دبئی (جانبِ منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے فلائی دبئی کے عملے کو اعلیٰ اعزاز سے نوازنے پر صدارتی سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے عملے کی بہادری اور حاضر دماغی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
گلف نیوز کے مطابق ڈاکٹر انور قرقاش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اعلیٰ ترین فرائض اور قابلِ فخر خدمات میں شامل ہے۔ انہوں نے عملے کو آرڈر آف زاید دوم، فرسٹ کلاس دینے کے فیصلے کو بہادری اور فرض شناسی کا بجا اعتراف قرار دیا۔
یہ اعزاز 30 ستمبر کو فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 میں پیش آنے والے واقعے کے دوران مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے پر دیا گیا۔ کاک پٹ میں جھگڑے کے بعد طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا تھا، جبکہ عملے نے طیارے کو محفوظ بنایا اور مسافروں کی سلامتی یقینی بنائی۔
دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے صدر کی جانب سے عملے کو اعزازات پیش کیے اور مشکل حالات میں ان کی جرات، احساسِ ذمہ داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔





