ابوظہبی (جانبِ منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی قابلِ تجدید توانائی کمپنی مصدر (Masdar) نے 60 کروڑ امریکی ڈالر کا اپنا پہلا بلیو بانڈ جاری کر دیا ہے، جسے کارپوریٹ شعبے میں عالمی سطح پر جاری ہونے والے عوامی بلیو بانڈز میں اب تک کی بلند ترین کریڈٹ ریٹنگ حاصل ہوئی ہے۔
گلف نیوز کے مطابق پانچ سالہ مدت کے اس بانڈ کو عالمی کریڈٹ ریٹنگ اداروں ایس اینڈ پی اور فچ نے اے اے مائنس ریٹنگ دی ہے۔ یہ بانڈ لندن اسٹاک ایکسچینج کے انٹرنیشنل سیکیورٹیز مارکیٹ میں جاری کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بانڈ کے اجرا پر علاقائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے نمایاں دلچسپی سامنے آئی، جبکہ سرمایہ کاروں کی مجموعی طلب 1.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو جاری کردہ رقم سے ڈھائی گنا زیادہ ہے۔
مصدر نے اپنے گرین فنانس فریم ورک میں تبدیلی کرتے ہوئے پانی اور سمندری وسائل سے متعلق اہل منصوبوں کو بھی شامل کیا ہے۔ ان میں آف شور ونڈ انرجی سمیت ایسے صاف توانائی منصوبے شامل ہیں جو پانی کے وسائل کے پائیدار استعمال کو فروغ دیتے ہیں۔ ان منصوبوں کے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ بھی لیا جائے گا تاکہ حیاتیاتی تنوع کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔
مصدر کے چیف فنانشل آفیسر مازن خان کے مطابق پہلا بلیو بانڈ سرمایہ کاروں کو مستقبل کے صاف توانائی نظام کی تعمیر میں حصہ لینے کے مزید مواقع فراہم کرے گا اور پائیدار معیشت کے فروغ میں مدد دے گا۔
کمپنی کے مطابق 2023 سے اپنے بانڈ پروگرام کے ذریعے 2.75 ارب ڈالر جمع کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 2.3 ارب ڈالر 10 ممالک میں قابلِ تجدید توانائی کے 30 منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے۔ ان منصوبوں کی مجموعی پیداواری صلاحیت 16 گیگاواٹ سے زیادہ ہے۔
مصدر کے قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کی مجموعی صلاحیت 65 گیگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ کمپنی نے 2030 تک اسے 100 گیگاواٹ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس پیش رفت سے صاف توانائی کی پیداوار، توانائی کے تحفظ اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔





