پشاور (جانب منزل نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی کے لیے پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس ہوگی اور کسی کی سفارش نہیں چلے گی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کو صاف ستھرا بنانا ہمارا عزم ہے، تاہم 13 سال کا گند تین دن میں صاف نہیں ہو سکتا، اس کے لیے وقت درکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے والے افراد خود انہیں مسمار کر دیں، بصورت دیگر حکومت کارروائی کرے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کو صاف ستھرا بنانے کے لیے صفائی مہم شروع کر دی گئی ہے اور تجاوزات کے معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔ صوبائی انتظامیہ کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بازاروں، تجارتی مراکز، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کے لیے متعلقہ عملہ دن رات مصروف عمل ہے، جبکہ صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کے لیے اقدامات جاری ہیں۔





