نریندرا نگر (جانب منزل نیوز) بھارتی گلوکار دلیر مہندی کی ریاست اتراکھنڈ میں منعقدہ ایک میلے کے دوران پرفارمنس تنازع کا شکار ہوگئی، جہاں لائیو گانے کے بجائے ریکارڈ شدہ آواز پر پرفارم کرنے کے الزام پر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق دلیر مہندی کو اتراکھنڈ کے علاقے نریندرا نگر میں ہونے والے میلے میں پرفارم کرنا تھا۔ منتظمین کو توقع تھی کہ ان کی پرفارمنس تقریب کی اہم سرگرمیوں میں شامل ہوگی، تاہم شائقین اور وہاں موجود حکام نے مبینہ طور پر انہیں ریکارڈ شدہ گانے پر لب ہلاتے دیکھا تو صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
واقعے کے دوران تقریب کے مہمانِ خصوصی اور ریاستی کابینہ کے وزیر سبودھ انیال اسٹیج پر پہنچ گئے اور گلوکار کی پرفارمنس پر تنقید کی۔ اس کے بعد اسٹیج پر تلخ کلامی ہوئی اور پنڈال میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ مقامی پولیس اور منتظمین نے مداخلت کرکے صورتحال پر قابو پایا۔
منتظمین نے بعد ازاں وضاحت کی کہ دلیر مہندی کو تقریب سے صرف دو روز قبل متبادل گلوکار کے طور پر مدعو کیا گیا تھا، کیونکہ اس شام پرفارم کرنے والی گلوکارہ سونندا شرما طبیعت ناساز ہونے کے باعث شرکت نہیں کرسکیں۔
رپورٹ کے مطابق دلیر مہندی نے ریکارڈ شدہ موسیقی کے استعمال کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کے باعث وہ لائیو گانے سے قاصر تھے، تاہم انہوں نے اپنے ساتھی موسیقاروں کی مدد سے پروگرام جاری رکھنے کی کوشش کی۔





