اسلام آباد (جانب منزل نیوز) سید قمر رضا، چئیرمین بورڈ آف گورنرز، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف)، نے او پی ایف کالج فار بوائز، ایچ-8، اسلام آباد کا دورہ کیا ۔ سید قمر رضا کے دورہ کا مقصد نصاب، تعلیمی معیارات اور طلبہ کے لیے کی جانے والی ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا۔
چئیرمین سید قمر کا استقبال کالج کے پرنسپل، ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن او پی ایف اور فیکلٹی ممبران نے کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے کالج کے پرائمری اور سینئر سیکشنز کا دورہ کیا اور تعلیمی و دیگر تعلیمی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید قمر رضا نے پرنسپل اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور تدریس و تعلم کے اعلیٰ معیارات برقرار رکھیں۔
انہوں نے نصاب اور تدریسی طریقہ کار کو جدید تقاضوں اور ابھرتے ہوئے تعلیمی رجحانات کے مطابق رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چئیرمین نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ طلبہ کی صرف علمی ترقی ہی نہیں بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں، کردار سازی، نظم و ضبط، تخلیقی صلاحیتوں اور قائدانہ صلاحیتوں کی نشوونما کے ذریعے بھی ان کی پرورش کی جائے تاکہ وہ معاشرے کے ذمہ دار اور پیداواری افراد بن سکیں۔
انہوں نے پرنسپل اور فیکلٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں طلبہ کی علمی و ذاتی ترقی کے لیے لگن اور عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ترغیب دی۔








