شارجہ (جانب منزل نیوز) تاریخ، تجارت اور ثقافتی ورثے کا حسین امتزاج، شارجہ نے اپنے معروف تجارتی مرکز سوق الجبیل کی داستان آنے والی نسلوں تک پہنچانے کے لیے ایک منفرد منصوبے کا اعلان کردیا۔ تاریخی بازار کی ترقی، سماجی خدمات اور معاشی اہمیت پر مشتمل خصوصی کتاب عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں شائع کی جائے گی۔
45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں اس منصوبے کا اعلان کیا گیا، جس میں شارجہ کے نائب حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن احمد القاسمی اور کلمات گروپ کی بانی و چیف ایگزیکٹو شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی نے شرکت کی۔ اس منصوبے کے لیے کلمات گروپ کے اشاعتی ادارے ’سراب‘ اور شارجہ اثاثہ جات مینجمنٹ کے درمیان اشتراک طے پایا ہے۔
کتاب میں سوق الجبیل کے تاریخی پس منظر سے لے کر جدید تجارتی مرکز میں اس کی تبدیلی تک کا سفر تصاویر اور دلچسپ تحریر کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا۔ اس میں بازار کے مقامی کمیونٹی کی ضروریات پوری کرنے، غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے اور ماہی گیروں و تاجروں کی معاشی سرگرمیوں میں کردار کو نمایاں کیا جائے گا۔
خصوصی اشاعت میں خوراک کے معیار، صفائی کے اعلیٰ انتظامات، مناسب قیمتوں اور بازار کے انتظامی نظام پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ کتاب کے مصنف علی السویدی اپنے عملی تجربات، منصوبے کی تکمیل کے دوران پیش آنے والے چیلنجز اور مستقبل کی ترقی کے امکانات بھی قارئین کے سامنے پیش کریں گے۔
کلمات گروپ کے جنرل منیجر احمد العلی کے مطابق یہ منصوبہ سوق الجبیل کی تاریخ اور اس کی ترقی کے پیچھے موجود وژن کو محفوظ بنانے کا اہم موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تصاویر سے مزین دو لسانی کتاب شارجہ کے ثقافتی ورثے اور جدید سہولیات کے امتزاج کو دنیا بھر کے قارئین تک پہنچائے گی۔
یہ خصوصی کتاب نومبر 2027 میں اگلے شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے موقع پر منظرِ عام پر لانے کا منصوبہ ہے۔ شارجہ کا یہ اقدام اس عزم کا اظہار ہے کہ جدید ترقی کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے تاریخی شناخت، مقامی روایات اور معاشرتی ضروریات کو بھی محفوظ رکھا جائے۔





