ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے اپنے بانی اور بابائے قوم مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی یاد کو جدید فن اور ثقافتی ورثے کے دلکش امتزاج میں محفوظ کر رکھا ہے۔ ابوظہبی کا معروف فاؤنڈرز میموریل ایک ایسی منفرد یادگار ہے جہاں معلق فن پارے، قومی تاریخ اور شیخ زاید کا عظیم وژن ایک ہی مقام پر جلوہ گر ہوتے ہیں۔
سنہ 2018 میں افتتاح ہونے والی یہ یادگار 1971 میں سات امارات کو متحد کرکے ایک مضبوط ریاست کی بنیاد رکھنے والے عظیم رہنما کی زندگی، خدمات اور انسان دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔
اس یادگار کا سب سے بڑا حسن ’دی کنسٹیلیشن‘ نامی منفرد فن پارہ ہے، جس میں فضا میں معلق سیکڑوں جیومیٹرک اشکال مختلف زاویوں سے دیکھنے پر شیخ زاید کا خوبصورت تھری ڈی پورٹریٹ تشکیل دیتی ہیں۔ جدید آرٹ کا یہ شاہکار دیکھنے والوں کو اپنی تخلیقی دلکشی اور منفرد انداز سے حیران کردیتا ہے۔
فاؤنڈرز میموریل صرف ایک سیاحتی مقام نہیں بلکہ شیخ زاید کے نظریات اور اقدار کا زندہ اظہار بھی ہے۔ حکمت، اتحاد، احترام، سخاوت، ماحولیاتی تحفظ اور انسانی ترقی جیسے اصول آج بھی متحدہ عرب امارات کی قومی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔
یادگار کے ویلکم سینٹر میں ملٹی میڈیا آرکائیوز اور خصوصی رہنمائی کے ذریعے مقامی شہریوں اور غیر ملکی سیاحوں کو امارات کی تاریخ، بانیٔ قوم کی زندگی اور ملک کی ترقی کے سفر سے روشناس کرایا جاتا ہے۔





