ابوظہبی (جانب منزل نیوز)ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں پاکستان پویلین کا افتتاح سفیر پاکستان شفقت علی خان نے اے ڈی این ای سی سینٹر ابوظہبی میں کیا۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کی اشاعتی اور ادبی برادری کے نمائندے موجود تھے جن میں مراد علی موہمند ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز، نیشنل بک فاؤنڈیشن پاکستان ، عمار شاہد ڈائریکٹر، بک کارنر پاکستان اور سرمد خان کوفاؤنڈر اردو بکس ورلڈ شامل تھے۔
پاکستان پویلین پاکستان کی ادبی، تعلیمی، ثقافتی اور فکری ورثے کی عکاسی کرنے والی متنوع اشاعتوں کا مظہر ہے۔ اس میں این بی ایف، بک کارنر پاکستان اور دیگر معروف پاکستانی پبلشرز نے سٹالز لگائے ہیں ۔ جہاں اردو اور انگریزی ادب، بچوں کی کتابیں، تعلیم، تاریخ، ثقافت، مذہب، شاعری، افسانہ، سوانح عمریاں رکھی گئی ہیں۔

افتتاح کے بعد سفیرپاکستان شفقت علی خان نے پویلین کا دورہ کیا اور شرکت کرنے والے پبلشرز سے بات چیت کی۔ انہوں نے پاکستانی ادب کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کی ان کی کاوشوں کو سراہا اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی ادبی و ثقافتی موجودگی کو مضبوط بنانے کے لیے سفارت خانے کی حمایت کا اعادہ کیا۔
سفیر پاکستان نے ابوظہبی عربی زبان مرکز (اے ایل سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سعید حمدان التونائیجی سے بھی ملاقات کی جو کتاب میلے کے منتظم ہیں۔ انہوں نے ادب، اشاعت، ترجمہ، تعلیم اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون بڑھانے کے مواقع پر بات چیت کی۔

سفیرپاکستان نے ابوظہبی عربی زبان مرکز کی ان کاوشوں کو سراہا جن کے ذریعے وہ سالانہ بک فیئر کے ذریعے دنیا بھر سے پبلشرز، مصنفین اور ثقافتی اداروں کو اکٹھا کرتے ہیں۔
پاکستان پویلین، 5، اسٹینڈ 5E24، اے ڈی این ای سی سینٹر، ابوظہبی میں واقع ہے اور 18 ستمبر 2026 تک روزانہ صبح 9:00 بجے سے رات 10:00 بجے تک زائرین کا خیرمقدم کرے گا جہاں پاکستان کے ادبی اور اشاعتی منظرنامے کو دریافت کرنے کا موقع ملے گا۔








