گوجرانوالہ (جانب منزل نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنمااور سابق وفاقی وزیر قانون و انصاف محمود بشیر ورک 89 برس کی عمر میں لاہور کے ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کئی روز سے زیرِ علاج تھے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں کمو ورکاں میں ادا کردی گئی جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
چوہدری محمود بشیر ورک پانچ مرتبہ1997، 2008، 2013، 2018 اور 2024 کے عام انتخابات میں گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے،جبکہ جنوری 2018 سے مئی 2018 تک وفاقی وزیر قانون و انصاف کے منصب پر بھی فائز رہے۔
دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چودھری محمود بشیر ورک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔ چودھری محمود بشیر ورک مخلص، باصلاحیت اورمتحرک رکن پارلیمنٹ تھے ۔ مرحوم کی پارلیمانی، سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔








