ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے اپنے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کی خدمات اور روشن ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہر سال 7 جنوری کو ’’یومِ زاید المؤسس‘‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔ صدرِ متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان کے مطابق یہ دن بانیِ امارات کے وژن، سخاوت، انسانی خدمت اور قومی ترقی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کی یاد تازہ کرے گا۔
شیخ زاید 6 اگست 1966 کو ابوظہبی کے حکمران بنے، جس کے بعد امارت میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ ان کی قیادت میں 1971 میں متحدہ عرب امارات کا قیام عمل میں آیا اور وہ ملک کے پہلے صدر منتخب ہوئے۔
شیخ زاید نے تعلیم، صحت، رہائش، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی ترقی کو ترجیح دی۔ ان کی دوراندیش قیادت نے مختلف امارات کو متحد کرکے ایک مضبوط ریاست کی بنیاد رکھی، جو آج دنیا بھر میں ترقی، خوشحالی اور جدید طرزِ حکمرانی کی مثال ہے۔
یومِ زاید المؤسس کے ذریعے نئی نسل کو شیخ زاید کی زندگی، قومی اتحاد، رواداری، سخاوت اور انسانیت کی خدمت سے متعلق اقدار سے روشناس کرایا جائے گا۔ یہ دن متحدہ عرب امارات کی تاریخ اور اس کی ترقی میں بانیِ امارات کے کردار کو اجاگر کرنے کا اہم موقع ہوگا۔





