ابوظہبی (نمائندہ خصوصی) فارمولا ون ابوظبی گراں پری 2026 کے بعد ہونے والے کنسرٹس میں امریکی راک بینڈ کنگز آف لیون سویڈش گلوکارہ زارا لارسن کی جگہ پرفارم کرے گا۔ گریمی ایوارڈ یافتہ بینڈ 3 دسمبر کو اسکاٹش گلوکار لیوس کیپلڈی کے ساتھ یاس آئی لینڈ پر چار روزہ موسیقی کے پروگرام کا آغاز کرے گا۔
گلف نیوز کے مطابق منتظمین نے 28 اکتوبر کو کنگز آف لیون کی شمولیت کا اعلان کیا، تاہم زارا لارسن کے پروگرام سے الگ ہونے کی وجہ سامنے نہیں آئی۔ کنگز آف لیون اپنے مشہور گانوں ’’سیکس آن فائر‘‘ اور ’’یوز سم باڈی‘‘ کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ بینڈ اب تک 20 ملین سے زائد البمز اور تقریباً 40 ملین سنگلز فروخت کر چکا ہے، جبکہ اسے چار گریمی اور دو برٹ ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔
کنسرٹس کے شیڈول کے مطابق 4 دسمبر کو عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ جینیفر لوپیز اور الیکس وارن پرفارم کریں گے، جبکہ 5 دسمبر کو امیجن ڈریگنز اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ 6 دسمبر کو دی چینز موکرز اور آئرش راک بینڈ دی اسکرپٹ کی پرفارمنس کے ساتھ موسیقی کے میلے کا اختتام ہوگا۔
اس کے علاوہ 2 دسمبر کو اطالوی ٹینر اینڈریا بوسیلی یاسالام کلاسکس کے افتتاحی کنسرٹ میں پرفارم کریں گے۔ الیکٹرانک موسیقی کے شائقین کے لیے 4 دسمبر کو انیما کا خصوصی شو بھی منعقد ہوگا، جبکہ ڈی جیز بلیک کافی، کیمل فاٹ اور شمزا بھی تین روزہ پروگرام میں شریک ہوں گے۔
ابوظہبی گراں پری 3 سے 6 دسمبر 2026 تک یاس مرینا سرکٹ میں منعقد ہوگی۔ کنسرٹس میں شرکت کے لیے ابوظبی گراں پری کے اہل ٹکٹ پیکجز دستیاب ہوں گے، جبکہ اضافی سہولت کے طور پر ٹکٹ اپ گریڈ کرنے کے اختیارات بھی فراہم کیے جائیں گے۔





