لاہور (جانب منزل نیور) لاہور میں چوتھی بین الاقوامی پنجابی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پنجابی زبان، ثقافت، سکھ ورثے اور پنجاب کے تاریخی ہیروز کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور حکومتی تعاون کا اعلان کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت اطلاعات، پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان پنجابی زبان کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ پنجابی زبان میں پروگرام تیار کرکے نشر کیے جائیں گے جبکہ پنجابی زبان کے لیے سانجھ چینل شروع کرنے کی تیاری بھی مکمل ہے۔
وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے پنجابی زبان کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے، پنجاب کے تاریخی ہیروز کو نئی نسل سے متعارف کرانے اور سکھ و پنجابی ڈائسپورا کی تاریخ اور خدمات کو محفوظ بنانے کے لیے کافی ٹیبل بک شائع کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔
عطا اللہ تارڑ نے شہید بھگت سنگھ کو پنجاب کے عظیم ہیروز میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد اور خدمات نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے سکھ یاتریوں کو ویزا سہولیات میں درپیش مشکلات حل کرنے کے لیے وزارت خارجہ سے رابطے کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ پنجابی ایک خوبصورت زبان ہے جو لوگوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔





