لاہور (جانب منزل نیوز) ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور عاطف امیر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا پٹرول پمپوں پر شہریوں کو مبینہ طور پر کم پٹرول ڈال کر کروڑوں روپے ہتھیانے کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا۔ این سی سی آئی اے لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے چار پٹرول پمپ مالکان سمیت ٹیکنیکل انسٹالر اور دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں شہریوں سے مبینہ طور پر 40 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ سامنے آیا ہے۔
واپڈا ٹاؤن، ہڈیارہ برکی، گلشن راوی اور چوک یتیم خانہ میں چھاپے مار کر مجموعی طور پر 14 ملزمان گرفتار کیے گئے۔
تحقیقات کے مطابق پٹرول پمپوں کی مشینوں میں خفیہ ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس نصب کی گئی تھیں، جن کے ذریعے پٹرول کی اصل مقدار میں ردوبدل کیا جاتا تھا۔ چھاپوں کے دوران 12 ڈیجیٹل کٹس بھی برآمد کرلی گئیں۔
ملزمان موبائل فون پر مخصوص ایپلی کیشن کے ذریعے ان کٹس کو دور بیٹھ کر کنٹرول کرتے تھے۔ شہریوں کو پٹرول پمپ کے میٹر پر پوری مقدار دکھائی جاتی، تاہم گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں مقررہ مقدار سے کم پٹرول ڈالا جاتا تھا۔
حکام کے مطابق لاہور میں تقریباً 14 پٹرول پمپوں پر اس نوعیت کے فراڈ کی اطلاعات ہیں، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔





