انڈیا (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اننت امبانی سے متعلق وائرل ویڈیو اور اس پر کیے گئے دعوے کے معاملے میں سوشل میڈیا انفلوئنسر کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انفلوئنسر سویگیا شرما (Suvigya Sharma) نے انسٹاگرام پر ایک ریل شیئر کی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ روحانی رہنما سدگرو کے ایک پروگرام میں شاہ رخ خان کو گفتگو کے دوران خاموش رہنے کا کہا گیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے اس دعوے کو گمراہ کن، بدنیتی پر مبنی اور ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ویڈیو کے ساتھ لگائے گئے کیپشن نے واقعے کا اصل تناظر مسخ کیا اور اداکار کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
قانونی نوٹس میں انفلوئنسر کو 48 گھنٹوں کے اندر ویڈیو ہٹانے، متنازع دعوے کی مزید تشہیر روکنے اور متعلقہ مواد حذف یا درست کرنے سمیت متعدد مطالبات کیے گئے ہیں۔
معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم ‘کنگ’ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں ان کی بیٹی سہانا خان بھی پہلی مرتبہ ان کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔





