اسلام آباد (جانب منزل نیوز)مشعال حسین ملک نے وفاقی وزیر مصدق ملک سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والی سفارتی ملاقاتوں کے دوران کشمیری قیادت اور اپنے شوہر یاسین ملک کا معاملہ اٹھانے سے متعلق سخت سوالات کر دیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مشعال حسین ملک نے مصدق ملک کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ نئی دہلی میں پڑوسی ممالک کے ساتھ ہونے والی اچھی بات چیت کے دوران کیا انہوں نے تہاڑ جیل جانے یا کشمیری حریت رہنماؤں سے ملاقات کی درخواست بھی کی؟
مشعال حسین ملک کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر محمد یاسین ملک کو بھارتی عدالتوں میں پھانسی کے خطرے کا سامنا ہے، جبکہ وہ اور ان کی بیٹی گزشتہ 8 برس سے ان کی آواز تک نہیں سن سکے۔
مشعال حسین ملک نے سوال اٹھایا کہ کیا سفارتی کوششوں اور مذاکرات میں ان کے خاندان کی تکلیف اور یاسین ملک کی رہائی کا معاملہ بھی کوئی جگہ حاصل کر سکا؟
مشعال حسین ملک کا یہ بیان مصدق ملک کی جانب سے نئی دہلی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران پڑوسی ممالک کے ساتھ مثبت بات چیت اور مسائل کے حل کے لیے ایسے فورمز کے استعمال کی امید ظاہر کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔





