فیصل آباد (جانب منزل نیوز) ویوز، لائکس اور سستی شہرت کی خاطر شہریوں کو پریشان کرنا پرینک اسٹار میاں آصف کو مہنگا پڑ گیا، فیصل آباد پولیس نے عوامی مقامات پر مبینہ طور پر راہگیروں کو ہراساں کرنے اور ان کا مذاق اڑانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ پرینک ویڈیوز بنانے کے نام پر شہریوں کو بلاوجہ تنگ کرتا اور انہیں ذہنی اذیت میں مبتلا کرتا تھا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ سی پی او فیصل آباد نے واضح کیا ہے کہ تفریح یا سوشل میڈیا کانٹینٹ کے نام پر کسی کی عزتِ نفس مجروح کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔





