لاہور (جانب منزل نیوز)باپ جیسی عظیم ہستی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کا افسوسناک واقعہ لاہور میں پیش آیا، جہاں 88 سالہ بزرگ والد کو دھکے دے کر زمین پر گرانے کے الزام میں بیٹے وسیم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو بزرگ والد کے ساتھ جھگڑا کرتے اور انہیں دھکا دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ گلشن اقبال میں بزرگ شہری دل محمد کی درخواست پر بیٹے وسیم کے خلاف مقدمہ نمبر 1239/26 درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دفعات 354، 355، 506 بی اور پروٹیکشن آف پیرنٹس آرڈیننس 2021 کی دفعہ 3 شامل کی گئی ہیں۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ بیٹا گھر آکر گالم گلوچ، بدتمیزی اور دھمکیاں دیتا ہے اور مار پیٹ پر بھی اتر آتا ہے۔ بزرگ والد نے بیٹے کے مبینہ رویے سے شدید پریشانی کا اظہار کیا تھا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔





