دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں میں وسعت کے باعث اکاؤنٹنگ اور فنانس کے شعبے میں تربیت یافتہ پروفیشنلز کی مانگ بڑھنے لگی، جہاں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ٹیکس قوانین سے واقف ماہرین کاروباری اداروں کی اہم ضرورت بن رہے ہیں۔
دبئی میں منعقدہ آئی ایف اے مڈل ایسٹ کانفرنس 2026 میں تقریباً 200 فنانس ماہرین، کاروباری رہنماؤں، ٹیکس پروفیشنلز اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں مالیاتی شعبے کے بدلتے تقاضوں، روزگار کے مواقع اور مستقبل کی مہارتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یو اے ای میں کاروباری اداروں کی بڑھتی تعداد، ایس ایم ای سیکٹر کی توسیع، کارپوریٹ ٹیکس قوانین اور 2027 میں ای انوائسنگ کے متوقع نفاذ نے اکاؤنٹنٹس کی ذمہ داریوں اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
انسٹیٹیوٹ آف فنانشل اکاؤنٹنٹس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مستقبل کے فنانس پروفیشنلز کے لیے صرف اعدادوشمار اور مالی ریکارڈ تک محدود رہنا کافی نہیں، بلکہ انہیں کاروباری حکمت عملی، مالیاتی تجزیے، فیصلہ سازی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں بھی مہارت حاصل کرنا ہوگی۔
مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل نظام فنانس سیکٹر میں نئی تبدیلیاں متعارف کرا رہے ہیں، ایسے میں تربیت، مسلسل سیکھنے اور جدید مہارتوں سے آراستہ افراد کے لیے متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں ترقی اور روزگار کے بہتر امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔





