دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، اماراتی حکومت نے ورک پرمٹ کے حصول کا طریقہ کار آسان بناتے ہوئے 13 مختلف اقسام کے پرمٹس کے لیے اضافی دستاویزات اور غیر ضروری معلومات فراہم کرنے کی شرائط میں نمایاں کمی کردی ہے۔
یو اے ای کی وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن نے زیرو بیوروکریسی مہم کے تحت بھرتی کے نظام کو تیز رفتار بنانے کے لیے اہم اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ نئے نظام کے تحت بیرونِ ملک سے بھرتی، فری لانس، پارٹ ٹائم اور فیملی اسپانسرشپ سمیت 13 کیٹیگریز کے ورک پرمٹ درخواست فارم میں غیر ضروری خانوں کی تعداد 97 فیصد تک کم کردی گئی ہے۔
اس اقدام کے بعد ویزا پراسیسنگ کا دورانیہ 30 دن سے کم ہوکر محض 5 دن رہ گیا ہے، جس سے غیر ملکی ملازمین کی بھرتی کا عمل مزید سہل اور تیز ہونے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق یہ سہولت صرف ورک پرمٹس کے لیے ہے، وزٹ ویزا کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ امارات پہنچنے کے بعد میڈیکل ٹیسٹ اور ایمریٹس آئی ڈی بنوانے کے تقاضے بھی برقرار رہیں گے۔





