لاہور (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی منصورہ پہنچ گئے، جہاں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، امن و امان اور قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قومی معاملات پر مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام حلقوں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی سب سے اہم ترجیح ہونی چاہیے۔ ملاقات میں قومی مسائل کے حل اور ملکی استحکام کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت بھی زیرِ بحث آئی۔





