لاہور (جانب منزل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب میں گڈ گورننس، ترقیاتی منصوبوں، انتظامی اصلاحات اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے سفارش اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، حکومت ایسا نظام بنانا چاہتی ہے جہاں کسی شہری کو اپنے جائز کام کے لیے سفارش کی ضرورت نہ پڑے۔
خواتین کی خودمختاری پر زور دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خواتین کو محض نمائشی حیثیت دینے کے بجائے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے، ہماری خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، پرانی سوچ اور روایات کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ معیاری سرکاری خدمات دینا بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، ہم سب کو پاکستانی بن کر پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
ملاقات میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے وفد کو صوبائی حکومت کے انتظامی امور اور اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ شرکاء نے پنجاب میں گڈ گورننس اور عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے ملاقات کو مفید اور معلوماتی قرار دیا۔





