کراچی (جانب منزل نیوز) ترکیہ کا جدید سیسمک ریسرچ جہاز ’اورُچ رئیس‘ (Oruc Reis) پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کے مشن کے لیے کراچی پہنچ گیا، جسے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیسمک سروے کسی دریافت کی ضمانت نہیں، تاہم قدرتی وسائل کی تلاش اور مستقبل میں کامیابی کے امکانات جانچنے کے لیے یہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس تحقیقی جہاز مکران کے ساحلی علاقے اور سمندری حدود میں 2D اور 3D سیسمک سروے کرے گا، جس کے ذریعے زیرِ سمندر ممکنہ تیل، گیس اور معدنی ذخائر کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جہاز کی آمد کو توانائی کے شعبے میں تعاون کی جانب عملی قدم قرار دیا، جبکہ معدنیات کی تلاش اور توانائی تعاون سمیت تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
مشن پاکستان کے سمندری وسائل کی سائنسی بنیادوں پر کھوج، توانائی کے مستقبل اور ممکنہ نئے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے اہم امیدوں سے وابستہ ہے۔





