پشاور (جانب منزل نیوز) ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں سیاسی سرگرمیوں نے نیا موڑ لے لیا، پاکستان تحریک انصاف کے تین اہم رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو گرفتاری کے بعد جیل منتقل کردیا گیا۔
تینوں رہنماؤں کو گزشتہ شب پشاور ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ سے پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتاری تھری ایم پی او کے تحت عمل میں لائی گئی۔
اس سے قبل انسداد دہشتگردی عدالت نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں تینوں رہنماؤں کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی۔ بعد ازاں رہنما عبوری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ پہنچے، جہاں ان کی درخواست ضمانت منظور ہوئی، تاہم پولیس نے انہیں عدالت کے مرکزی گیٹ سے حراست میں لے لیا۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے گرفتاریوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں رہنماؤں کی گرفتاری کا معاملہ ڈپٹی کمشنر کے سامنے اٹھایا جائے گا۔





