آزاد کشمیر (جانب منزل نیوز) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے دورہ آزاد جموں و کشمیر کے موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی ترقی کا سفر تیز کرنے، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو وسعت دینے اور خطے میں تعمیر و ترقی کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا گیا۔
گفتگو میں پنجاب حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توانائی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دینے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر بھی زور دیا گیا۔
اہم ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگر حکام و رہنما شریک تھے۔





