مکہ مکرمہ (جانب منزل نیوز) سعودی عرب نے تعمیراتی اور سیاحتی شعبے میں ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔ مکہ مکرمہ کے مشہور کلاک ٹاور میں قائم میوزیم اور اس کا آؤٹ ڈور آبزرویشن ڈیک دنیا کے بلند ترین مقامات کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں تسلیم کرلیے گئے ہیں۔
رائل کمیشن فار مکہ سٹی اینڈ ہولی سائٹس کے مطابق کلاک ٹاور میوزیم سطحِ زمین سے 426.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جسے کسی عمارت کے اندر قائم دنیا کا بلند ترین میوزیم قرار دیا گیا ہے۔
اسی کمپلیکس میں موجود آؤٹ ڈور آبزرویشن ڈیک 560.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جس نے دنیا کے بلند ترین آؤٹ ڈور آبزرویشن ڈیک کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق دونوں عالمی ریکارڈز 5 جنوری 2026 کو قائم ہوئے تھے، جبکہ سعودی حکام نے 17 نومبر کو ان اعزازات کا اعلان کیا۔
مسجد الحرام کے قریب واقع کلاک ٹاور کمپلیکس کے یہ اعزازات سعودی عرب کی تعمیراتی مہارت، جدید انفراسٹرکچر اور سیاحتی ترقی کی عکاسی کرتے ہیں۔
رائل کمیشن کا کہنا ہے کہ ان کامیابیوں کا مقصد مکہ مکرمہ کے تاریخی، ثقافتی، سائنسی اور تعمیراتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانا، زائرین کے تجربے کو بہتر بنانا اور شہر کی عالمی مذہبی و ثقافتی اہمیت کو مزید اجاگر کرنا ہے۔





