شارجہ (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے 55ویں یومِ اتحاد (عید الاتحاد) کی خوشیاں منانے کے لیے شارجہ میں 15 روزہ شاندار تقریبات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ 19 نومبر سے 3 دسمبر تک جاری رہنے والے اس خصوصی پروگرام میں ثقافتی شو، روایتی موسیقی، ورثے کی نمائشیں، بچوں کی تفریحی سرگرمیاں اور موسیقی کے بڑے کنسرٹس شامل ہوں گے۔
شارجہ عید الاتحاد تقریبات کمیٹی کے مطابق جشن کا آغاز 19 نومبر کو الرحمانیہ کے کشیشہ پارک سے ہوگا، جہاں 3 دسمبر تک سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پارک میں اماراتی فیملی ولیج، بچوں کے لیے تفریح، روایتی پرفارمنس، نمائشیں اور نوجوان کاروباری افراد کے اسٹالز سجائے جائیں گے۔ شہریوں اور سیاحوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ورچوئل ریئلٹی کے جدید تجربات سے بھی لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
شارجہ شہر کے علاوہ وسطی علاقے اور مشرقی ساحلی شہروں میں بھی تقریبات منعقد ہوں گی۔ فیلی فورٹ، ملیحہ، الذید، کلباء، وادی الحلو، خورفکان اور دبا الحصن سمیت مختلف مقامات پر قومی پریڈز، ثقافتی پروگرام، روایتی موسیقی، شاعری کی محافل، ورکشاپس اور خاندانی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
تقریبات کا ایک بڑا مرکز خورفکان ایمفی تھیٹر ہوگا، جہاں 26 اور 27 نومبر کو خصوصی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ جبکہ 28 نومبر کو معروف گلوکارہ نوال اور اماراتی فنکار عبداللہ المستریح کی شاندار میوزیکل پرفارمنس جشن کی رونقیں بڑھائے گی۔
کمیٹی کے چیئرمین خالد جاسم المدفع کے مطابق 55واں یومِ اتحاد متحدہ عرب امارات کے بانی رہنماؤں، بالخصوص شیخ زاید بن سلطان النہیان کے وژن اور قومی اتحاد کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا اہم موقع ہے۔
تقریبات 2026 کے ’’سالِ خاندان‘‘ کے پیغام Growing in Unity سے بھی ہم آہنگ ہیں، جن کا مقصد خاندانی تعلقات مضبوط بنانا، نئی نسل کو قومی ورثے سے جوڑنا اور مختلف نسلوں کو مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں میں شریک کرنا ہے۔
شارجہ حکام نے شہریوں، مقیم افراد اور سیاحوں کو دعوت دی ہے کہ وہ ان رنگا رنگ تقریبات میں شرکت کرکے متحدہ عرب امارات کے قومی اتحاد اور ثقافتی ورثے کی خوشیوں کا حصہ بنیں۔





