دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی نے سیکیورٹی اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور حوصلہ افزائی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک اہم قدم اٹھا لیا۔ سیکیورٹی انڈسٹری ریگولیٹری ایجنسی (SIRA) نے 2026 ورلڈ پولیس سمٹ نمائش میں تین منفرد اقدامات پیش کیے ہیں، جن کا مقصد سیکیورٹی گارڈز کے کام کرنے کے ماحول کو بہتر بنانا اور ان کی خدمات کو قومی سطح پر سراہنا ہے۔
ان اقدامات میں ’’تھینک یو یو اے ای‘‘، ’’سِرا چیٹ‘‘ اور ’’مشکور‘‘ شامل ہیں۔
نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے دبئی میں لائسنس یافتہ سیکیورٹی گارڈز متعلقہ ادارے سے براہِ راست رابطہ، شکایات درج، تجاویز پیش اور قانونی رہنمائی حاصل کرسکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد اہلکاروں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے لیے معاون ماحول فراہم کرنا ہے۔
دبئی اپنے سیکیورٹی گارڈز کو نہیں بھولتا کے عنوان سے شروع کیے گئے پروگرام کے تحت ان اہلکاروں کی خدمات کو سراہا جائے گا جو عمارتوں، املاک اور مختلف تنصیبات کی حفاظت پر مامور ہیں۔ پروگرام میں انعامی قرعہ اندازی اور نجی اداروں کی جانب سے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے مواقع بھی شامل ہیں۔
اقدام کے ذریعے شہریوں، رہائشیوں اور دنیا بھر کے افراد کو متحدہ عرب امارات اور اس کی قیادت کے لیے اظہارِ تشکر کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ شرکا امارات میں امن، تحفظ، رواداری اور باہمی ہم آہنگی سے متعلق اپنے تجربات اور کہانیاں شیئر کرسکتے ہیں۔
سِرا کے چیف ایگزیکٹو خلیفہ ابراہیم السلیس کا کہنا ہے کہ محفوظ معاشرے کی بنیاد انسان ہیں، سیکیورٹی اہلکاروں کو بااختیار بنانا اور ان کی خدمات کا اعتراف پائیدار تحفظ اور بہتر معیارِ زندگی میں سرمایہ کاری ہے۔
دبئی کے یہ اقدامات اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ ان افراد کی فلاح و بہبود بھی اہم ہے جو شہر کے امن و امان اور حفاظت میں روزانہ اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔





