دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے ملازمین کے معاشی تحفظ کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بے روزگار ہونے والے ہزاروں کارکنوں کو کروڑوں درہم کی مالی معاونت فراہم کر دی۔
وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن (MoHRE) کے مطابق 2026 کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران ملازمت سے محروم ہونے والے تقریباً 28 ہزار ملازمین کو بے روزگاری انشورنس اسکیم (ILOE) کے تحت 250 ملین درہم یعنی 25 کروڑ درہم سے زائد معاوضہ ادا کیا گیا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ 2024 میں معاوضوں کی ادائیگی شروع ہونے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 620 ملین درہم سے زیادہ رقم مستحق ملازمین میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ اس اسکیم کے دائرہ کار میں نجی شعبے کے 93 فیصد اہل ملازمین شامل ہو چکے ہیں۔
اس انشورنس اسکیم کے تحت اہل ملازمین کو ملازمت ختم ہونے سے پہلے کے چھ ماہ کی اوسط بنیادی تنخواہ کا 60 فیصد ماہانہ معاوضہ دیا جاتا ہے، جس کی مدت زیادہ سے زیادہ تین ماہ ہے۔
پہلے انشورنس زمرے کے ملازمین کے لیے ماہانہ معاوضے کی زیادہ سے زیادہ حد 10 ہزار درہم جبکہ دوسرے زمرے کے لیے 20 ہزار درہم مقرر ہے۔
اسکیم کے تحت 16 ہزار درہم یا اس سے کم بنیادی تنخواہ والے ملازمین کے لیے ماہانہ پریمیم صرف 5 درہم جبکہ زیادہ تنخواہ والوں کے لیے 10 درہم ہے، جس پر VAT الگ لاگو ہوگا۔
معاوضہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم 12 ماہ مسلسل انشورنس میں رجسٹرڈ رہنا اور تمام پریمیم ادا کرنا ضروری ہے۔ ملازمت ختم ہونے کے 30 دن کے اندر کلیم جمع کرانا بھی لازمی ہے۔
اقدام متحدہ عرب امارات میں کارکنوں کے معاشی تحفظ، ملازمت کے دوران اعتماد اور ایک مستحکم و پُرکشش لیبر مارکیٹ کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





