عجمان (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں علم و ادب کے دلدادہ افراد کے لیے خوشیوں بھری خبر سامنے آگئی۔ عجمان میں دنیا کے معروف بگ بیڈ وولف بک فیئر کی واپسی ہو رہی ہے، جہاں کتابیں صرف 2 درہم سے خریدنے کا موقع ملے گا۔
شاندار کتابی میلہ 24 نومبر سے یکم دسمبر 2026 تک ایمریٹس ہال، الجرف 2 عجمان میں جاری رہے گا۔ آٹھ روزہ نمائش میں 5 لاکھ سے زائد کتابیں پیش کی جائیں گی، جبکہ منتخب کتابوں پر 90 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔
اس مرتبہ قارئین کے لیے 10 ہزار سے زائد مختلف عنوانات دستیاب ہوں گے، جن میں ناولز، بچوں کی کہانیاں، سائنس، تاریخ، سوانح عمری، تھرلرز اور سیلف ہیلپ سمیت متعدد موضوعات شامل ہیں۔
کتابوں کے شوقین افراد کے لیے ایک خاص پیشکش کے تحت ہیری پوٹر سیریز کی مکمل باکسڈ کلیکشن 1,265 درہم کے بجائے صرف 200 درہم میں دستیاب ہوگی۔ اسی طرح ڈائری آف اے وِمپی کڈ کی 12 کتابوں کا سیٹ 544 درہم کے بجائے 200 درہم میں خریدا جا سکے گا۔
رجسٹرڈ ممبران کے لیے منتخب کتابوں کی قیمت صرف 2 درہم سے شروع ہوگی، تاہم اس پیشکش کے تحت فی خریدار زیادہ سے زیادہ دو کتابیں خریدنے کی اجازت ہوگی۔
عجمان کے محکمہ سیاحت، ثقافت و میڈیا اور شارجہ بک اتھارٹی کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ میلہ مطالعے کے فروغ اور نئی نسل میں کتابوں سے محبت پیدا کرنے کے لیے ایک اہم ثقافتی سرگرمی ثابت ہوگا۔





