دبئی (جانب منزل نیوز) بھارتی کرکٹ کے سپر اسٹار ایم ایس دھونی کی آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ نے کرکٹ حلقوں میں جذبات کی لہر دوڑا دی، نوجوان بھارتی کرکٹر ویبھو سوریہ ونشی بھی اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی رخصتی پر جذبات چھپا نہ سکے۔
15 سالہ ویبھو نے سوشل میڈیا پر ایم ایس دھونی کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کوئی طویل پیغام نہیں لکھا بلکہ صرف ہاتھ جوڑنے والا ایموجی (🙏) پوسٹ کیا۔ ان کا یہ مختصر مگر معنی خیز انداز دھونی کے لیے احترام، محبت اور عقیدت کا خوبصورت اظہار بن گیا۔
چنئی سپر کنگز نے دھونی کی آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ 2027 کے سیزن میں ٹیم کے مینٹور کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ دھونی نے 18 سیزنز کے دوران چنئی سپر کنگز کو پانچ مرتبہ آئی پی ایل چیمپئن بنوایا۔
ویبھو سوریہ ونشی کی دھونی سے محبت کا انداز اس سے پہلے بھی سب کی توجہ حاصل کر چکا ہے۔ 2025 میں راجستھان رائلز اور چنئی سپر کنگز کے میچ کے بعد نوجوان کھلاڑی نے دھونی کے پاؤں چھو کر ان سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ ایم ایس دھونی نے اپنی قیادت میں بھارت کو 2007 کا ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011 کا ون ڈے ورلڈ کپ جتوایا، جبکہ آئی پی ایل میں ان کی کامیابیاں انہیں کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کپتانوں میں شامل کرتی ہیں۔





